گزشتہ روزالباقرؑ مرکز مطالعات کے سربراہ (پیٹرن چیف) حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی طرف سے اکابر شخصیات کے اعزاز میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا جس میں اسلام آباد سے تعلق رکھنےوالی جید شخصیات اور بین الاقوامی ادارہ الباقر کی ہیئت مدیرہ نے شرکت کی۔ دعوت افطار کی محفل میں گفتگو کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیرمین علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے کہا تعلیم و تبلیغ دین ایک مقدس فریضہ ہے جس کی بطور احسن انجام دہی سے معاشرے میں بہت بڑی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا نظام ہائے تبلیغ سے مربوط شخصیات اور اداروں کو خلاقیت اور تسلسل کے ذریعے معاشرے کے فکری و معنوی ارتقا میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا مساجد دین مبین اسلام میں ایک سنگر (مورچے) کی حیثیت رکھتی ہیں لہذا مساجد میں مصروف عمل مبلغین کرام اور علمائے عظام کی استعداد پروری اور معاونت انتہائی اہم کام ہے۔ انہوں نے کہا مساجد میں عملی تبلیغ میں مصروف مبلغین دین کے لیے ہدف مند کام ہونا چاہئے ۔ مختلف علاقوں اور افراد کی تفصیلی شناسائی، اس علاقے کی فکری، سماجی اور معاشی نقاط قوت و ضعف کا ادراک ہو تاکہ ہر علاقے کے لیے خاص حکمت عملی ترتیب دی جاسکے۔ علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے مزید کہا قومی و ملی اداروں کے درمیان تقسیم کار ہونی چاہئے اور ہر ادارے کو دوسرے اداروں کے تخصص اور سے استفادہ کرنا چاہئے۔
یاد رہے ادارہ الباقرؑ مرکز مطالعات دارہ الباقرؑ کا ایک ذیلی شعبہ ہے اور الباقرؑ تبلیغ، تعلیم رفاہ اور تحقیق کے شعبوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی ادارہ ہے جس کے زیر اہتمام متعدد تبلیغی رفاحی تعلیم اور مطالعاتی پروجیکٹ چل رہے ہیں۔
