حزب اللہ لبنان تاسیس سے فتوحات تک ادارہ ہذا کی ری آرگنائزیشن کے بعد پہلی کتاب ہے۔ کتاب کے مصنف حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی ہیں۔ کتاب میں اسلامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ لبنان کے قیام کے پس منظر اور قیام سے دفاعی اور حالیہ سیاسی فتوحات تک کے حالات و واقعات کو شامل اور ان کا تجزیہ و تحلیل پیش کیا گیا ہے۔ کتاب کو ترتیب زمانی کے اعتبار سے چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پہلا حصہ 1982 سے 1992 تک کہ جس کو چار ابواب میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ قاری حزب اللہ کی تاسیس کے محرکات اور پس منظر سے کما حقہ آشنا ہوسکے۔ کتاب کا دوسرا حصہ 1992 سے لیکر سنہ 2000 تک کی حزب اللہ کی فعالیت اور حالات و واقعات کے بارے میں ہے کہ جس دوران جہاں ایک طرف حزب اللہ نے دشمن کو شکست دی اور جنوبی لبنان آزاد کروایا وہیں ادارہ جاتی امور کی طرف بھی توجہ کی اور رفاہ عامہ کے درجنوں ادارے قائم کئے۔ یہ حصہ تین ابواب پر مشتمل ہے ۔ کتاب کا تیسرا حصہ سنہ 2000 سے لیکر سنہ 2001 تک کی حزب اللہ کی فتوحات کے بارے میں ہے کہ جس دوران 2006 کی مشہور اسرائیل لبنان جنگ کا واقعہ پیش آیا جس سے نہ صرف دفاعی طاقت کھل کر سامنے آئی بلکہ حزب اللہ کی سیاسی اہمیت اور علاقائی حیثیت بھی نمایاں ہوئی۔ یہ حصہ تین ابواب پر مشتمل ہے۔ کتاب کا چوتھا اور آخری حصہ 2011 سے 2019 تک کے حالات و واقعات پر مشتمل ہے کہ جب حزب اللہ ایک دفاعی اور مزاحمتی تحریک کے علاوہ ایک مضبوط سیاسی طاقت بن کر ابھری اور ملکی سیاست میں انتہائی نمایاں مقام حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ یہ حصہ دو ابواب پر مشتمل ہے۔ کتاب ترتیب زمانی کے اسلوب کے تحت نگارش کی گئی ہے۔ امید کرتے ہیں مزاحمتی تحریکوں سے متعلق اردو لٹریچر میں کتاب ہذا ایک اچھا اضافہ ثابت ہوگی۔