
گزشتہ روز ملک کے نامور ماہر تعلیم و اقتصاد جناب پروفیسر ڈاکٹر نثار حسین ہمدانی الباقر مرکز مطالعات تشریف لائے۔ ان کے ساتھ نورمعرفت علمی تحقیقی مجلے کے مدیر جناب ڈاکٹر حسنین نادر، ادارہ برائے پیشرفت تعلیم و تربیت کے ڈائریکٹر جناب محمد ثقلین، ایمز کالج سے جناب اسد نقوی و دیگر ہمراہ تھے۔ الباقر مرکز مطالعات کے صدر نشین جناب سید ابنِ حسن بخاری نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا اور انہیں ادارے کے قیام کے اغراض و مقاصد اور جاری پروجیکٹس پر بریفنگ دی۔ معزز مہمانوں نے ادارے کے قیام کے اقدام کو سراہا۔ پروفیسر ڈاکٹر نثار حسین ہمدانی نے کہا جن معاشروں کو آج ہم ترقی یافتہ معاشرے کہتے ہیں ان کی ترقی کی بنیاد علم و تحقیق ہے۔ اگر ہم اپنے معاشرے میں علم و تحقیق کی ثقافت کو پروان چڑھا سکیں تو بہت سے مسائل حل ہونا شروع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا ہمارے مسائل کو علمی بنیادوں پر حل کرنے کی بجائے سیاسی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے جس کیوجہ سے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید الجھ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا دوسری طرف معاشرے کے لیے مطلوب علمی و تحقیقی کام کی بھی بہت کمی ہے۔ ہم زیادہ تر جذبات و احساسات سے کام لیتے ہیں جبکہ علمی کام نہیں کرتے جس کیوجہ سے ہمیں من حیثیت قوم کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ انہوں نے کہا ملت اور قوم دونوں کو درپیش چینلجز کا حل صرف اور صرف بروقت اور مسلسل علمی کام سے ہی ممکن ہے۔
اس موقع پر نور معرفت علمی و تحقیقی جریدے کے مدیر جناب ڈاکٹر حسنین نادر نے کہا ہمارے ہاں علم و تحقیق کا فقدان ہے اور ہم نے من حیث ملت بھی اس امر میں کافی غفلت برتی ہے جس کے بھیانک نتائج نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا علم و تحقیق کی دنیا میں الباقر مرکز مطالعات ایک اچھا اضافہ ہے امید کرتے ہیں کہ ادارہ اپنے اغراض و مقاصد کے مطابق نتائج دے اور ترقی کرے۔
آخر میں الباقر مرکز مطالعات کے صدر نشین جناب سید ابنِ حسن بخاری نے معزز مہمانوں کو الباقر ادارہ برائے تعلیم، تحقیق، تبلیغ اور رفاہ کے دیگر شعبوں کا بھی تعارف کروایا ۔